حیدرآباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہو رہا ہے۔ سوائے پاکستان کے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام 19 ٹیموں نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
حال ہی میں ختم ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں زمبابوے کو 4 - 1 سے شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کچھ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا ہے۔ اس ٹیم میں نظم الحسن شانتو کو کپتان اور فاسٹ باؤلر تسکین احمد کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
آل راؤنڈر شکیب الحسن کو بھی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، وہ تقریباً ایک سال کے وقفے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ شکیب کو زمبابوے کے خلاف آخری دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور چوتھے میچ میں چار وکٹیں لے کر متاثر کن کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ 22 سالہ شریف الاسلام بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تجربہ کار لٹن داس اور سومیا سرکار بھی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ آئی پی ایل میں چنئی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر مستفیض الرحیم کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن کے کندھوں پر بہت زیادہ ذمہ داری ہوگی۔