چنڈی گڑھ: پنجاب کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے بھارتی کرکٹر شبھمن گل کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے 'اسٹیٹ آئیکون' کے طور پر نامزد کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سبن سی نے ایک بیان میں کہا کہ گِل مختلف مہموں کا حصہ ہوں گے، جن کا مقصد ووٹرز میں بیداری پیدا کرنا ہے تاکہ ووٹنگ کا تناسب 70 فیصد سے تجاوز کر جائے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی عہدیداروں نے اس دفعہ 70 فیصد ووٹنگ کو عبور کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ پنجاب میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں 13 سیٹوں کے لیے 65.96 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ سبن نے کہا کہ گل کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ کھیلوں سے محبت کرنے والوں، خاص طور پر نوجوانوں میں مقبول ہے اس لیے انھیں انتخابات کے لیے 'اسٹیٹ آئیکون' بنایا گیا ہے۔اس سے قبل مقبول پنجابی گلوکار ترسیم جسر کو بھی 'اسٹیٹ آئیکون' نامزد کیا جاچکا ہےاور وہ بھی ایسی ہی مہم چلائیں گے۔
سبن سی نے کہا کہ جمعہ کو پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں ان سے کہا گیا کہ وہ ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں گزشتہ انتخابات کے دوران ووٹنگ کا تناسب کم تھا۔ انہوں نے کہا کہ گل اور جسر کی جانب سے ایسے علاقوں میں آگاہی مہم اور اپیلیں ووٹرز کی حوصلہ افزائی کریں گی جو ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ کا باعث بنے گا۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے امید ظاہر کی کہ پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوان گل اور جسر سے متاثر ہوں گے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ساتھ ہی دیگر عمر کے لوگوں سے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔لوک سبھا انتخابات اپریل-مئی میں ہونے کا امکان ہے۔