اننت ناگ: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا جیسے ہی اعلان کیا گیا ویسے ہی وہاں پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی۔ آج وہاں پر کانگریس کے لیڈر انتخابی ریلیاں کر رہے ہیں۔رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بدھ کو اننت ناگ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔
اس دوران راہل نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے پر بھی طنز کسا اور کہا کہ امیت شاہ کے بیٹے نے کبھی کرکٹ کا بیٹ نہیں اٹھایا لیکن وہ کرکٹ کے انچارج بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں اور وہ یکم دسمبر 2024 سے اس کا عہدہ بھی سنبھال لیں گے۔
راہل گاندھی سے پہلے مگربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جے شاہ کو آئی سی سی کا نیا چیئرمین بننے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر طنز کستے ہوئے انھیں مبارکباد دی تھی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ممتا بنرجی نے لکھا تھا کہ مبارک ہو، مرکزی وزیر داخلہ، آپ کا بیٹا سیاست دان نہیں بنا، بلکہ آئی سی سی کا چیئرمین بن گیا ہے۔ یہ ایک ایسا عہدہ ہے جو سیاستدانوں کے عہدے سے زیادہ بڑا ہے۔ آپ کا بیٹا واقعی بہت طاقتور ہو گیا ہے اور میں آپ کو اس کی سب سے بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
اس کے علاوہ راہل گاندھی جموں کے رامبن ضلع میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ پورے ملک میں تشدد اور خوف پھیلا رہے ہیں۔ لڑائی صرف دو چیزوں کے درمیان ہے نفرت اور محبت۔ ہم نے نعرہ دیا ہے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولیں گے۔ نفرت کو محبت سے شکست ہوتی ہے۔