نئی دہلی:بھارتی بیڈمنٹن اسٹار لکشیا سین پیرس اولمپکس 2024 کے کوارٹر فائنل میں شاندار فتح درج کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ لکشیا سین کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں چائنیز تائپے کے چو ٹائین چن سے تھا۔ اس میچ میں بھارت کے اسٹار شٹلر لکشیا سین نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور آخری 2 سیٹ جیت کر سیمی فائنل میں داخل ہوگئے۔
لکشیا سین نے سیمی فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کی
اس کے ساتھ ہی 22 سالہ شٹلر اولمپکس میں مردوں کے سنگلز بیڈمنٹن سیمی فائنل میں جگہ بنانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس میچ میں لکشیا سین کو پہلے سیٹ میں 19-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد لکشیا نے دوسرا سیٹ 21-15 اور تیسرا سیٹ 21-12 سے جیت کر میچ جیت لیا۔ اب وہ بیڈمنٹن مینز سنگلز سیمی فائنل میں ہندوستان کے لیے کھیلنے والے پہلے ہندوستانی شٹلر ہوں گے۔
لکشیا سین کو پہلے سیٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا
چینی کھلاڑی نے اس میچ کے پہلے سیٹ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور لکشیا سین کو دباؤ میں رکھا۔ پہلے سیٹ کے وقفہ تک چن سین پر حاوی رہے۔ اس کے بعد لکشیا نے واپسی کی اور ایک وقت پر سیٹ 18-18 سے برابر کر دیا لیکن آخر میں وہ میچ پوائنٹ سے محروم ہو گئے اور پہلا سیٹ 19-21 سے ہار گئے۔