حیدرآباد: پیرس اولمپکس 26 جولائی سے شروع ہونے والا ہے جو 11 اگست تک جاری رہے گا۔ اولمپک گیمز میں دنیا بھر سے 10,500 ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے اولمپک گیمز میں کیسے جگہ بنائی اور ان کھلاڑی کا اولمپک گیمز کے لیے کیسے انتخاب ہوتا ہے؟
اولمپک گیمز کے لیے منتخب ہونا زیادہ تر کھلاڑیوں کا خواب ہوتا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مضبوط قوت ارادی اور کئی سالوں کی تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اولمپک کے لیے کوالیفائی کرنے والے کھلاڑی خود کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کرسکتے ہیں۔
اولمپک گیمز میں حصہ لینے کا مطلب اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور افتتاحی تقریب میں اپنے قومی پرچم کے پیچھے مارچ کرنے کا اعزاز، عالمی سطح کے سرفہرست ایتھلیٹس کے ساتھ ملاقات اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع۔ یہی اولمپک گیمز کی روح ہے۔
اولمپک گیمز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیسے کیا جاتا ہے؟
اولمپک کیمز میں انتخاب کا انحصار بین الاقوامی اولمپک ایسوسی ایشن اور قومی کمیٹیوں پر ہوتا ہے۔ اولمپک کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے کھلاڑیوں کو اولمپک چارٹر اور انٹرنیشنل فیڈریشن (IF) کے قوانین پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن کوالیفیکیشن کے لیے مقابلوں کا اہتمام کرتا ہے، جبکہ ملک کی قومی اولمپک کمیٹی (NOC) اپنے کھلاڑیوں کو کھیلوں میں داخل کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔
اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے ایک سال قبل انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن میں موجود 206 قومی اولمپک کمیٹیوں کو نوٹس بھیجا جاتا ہے۔ اس کے بعد قومی کمیٹیاں اپنے اپنے ممالک کے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر کے انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کو بھیجتی ہیں۔ اس فہرست کی بنیاد پر انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن فیصلہ کرتی ہے کہ کن کھلاڑیوں کو منتخب کیا جانا چاہیے اور کن کو نہیں۔
کوٹہ سسٹم کے تحت بھی کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتا ہے۔
قومی کمیٹی بعض اوقات کوٹہ سسٹم بھی استعمال کرتی ہے اور اس کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہے کہ کون سا کھلاڑی اولمپکس میں جائے گا اور کون سا نہیں۔ ریسلنگ اور شوٹنگ میں کوٹہ سسٹم کافی عرصے سے رائج ہے۔
اس کھیل کے کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ وہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گے یا نہیں۔ اس کی وجہ سے بعض اوقات بہت سے ہونہار کھلاڑی اولمپکس کھیلنے سے محروم بھی ہو جاتے ہیں۔