پیرس:پیرس اولمپکس میں بھارت کو تیسرا تمغہ دلانے والے شوٹر سوپنل کسالے کو مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایک کروڑ روپئے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ سوپنل کسالے نے پیرس اولمپکس کے چھٹے دن 50 میٹر ایئر رائفل تھری پوزیشنز کے انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
جس کے بعد وزیراعظم مودی، صدر مرمو اور دیگر اہم شخصیات نے سوپنل کو مبارکباد دی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے آج کولہاپور میں اولمپک کانسے کا تمغہ جیتنے والے شوٹر سوپنل کسالے کے اہل خانہ کو فون کیا اور انہیں مبارکباد دی اور ساتھ ہی انہیں مہاراشٹر حکومت کی جانب سے سوپنل کو ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مزید کہا کہ میں سوپنل کسالے کو پیرس اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتا ہوں اور مہاراشٹر کی حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، کیونکہ وہ مہاراشٹر کا فخر ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر کے سی ایم نے اولمپیئن سوپنل کسالے کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔