احمد آباد: نریندر مودی اسٹیڈیم میں 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اوپنر ایشان کشن کا وکٹ گنوا دیا۔ وہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ عمر زئی نے انہیں ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
اس کے بعد تیسرے ہی اوور میں عمرزئی نے نمن دھیر کو 10 گیندوں میں 20 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ممبئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ تیسرا وکٹ کپتان روہت شرما کی صورت میں گرا، انہیں 13ویں اوور میں سائی کشور نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ روہت نے 29 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 43 رنز کی اننگ کھیلی۔
ایک وقت جب روہت اور دیولڈ بیٹنگ کر رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ ممبئی آسانی سے میچ جیت لے گا۔ لیکن روہت اور دیولڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کی اننگ بکھر گئی اور کوئی بھی بلے باز آخری اووروں میں رک کر بلے بازی نہ کرسکا۔
ڈیولڈ بریوس نے 38 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ تلک ورما 19 گیندوں میں 25 رنز، ٹم ڈیوڈ 11، کپتان ہاردک پانڈیا 11، جیرالڈ کوٹزی ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ممبئی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ پر 162 رنز ہی بنا سکی اور چھ رنز سے میچ ہار گئی۔
گجرات ٹائٹنز کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی، امیش یادو، اسپینسر جانسن اور موہت شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سائی کشور نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔