نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بائیں ہاتھ کے بلے باز رنکو سنگھ ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ اس بار انہوں نے اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو رنکو سنگھ نے سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پریا سروج سے منگنی کرلی ہے۔ اب جلد ہی دونوں شادی کر سکتے ہیں۔
رنکو سنگھ نے پریا سروج سے منگنی کر لی
آپ کو بتاتے چلیں کہ آئی پی ایل 2025 میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے انہیں 13 کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا۔ رنکو اب 22 جنوری سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹیوئنٹی سیریز میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ان کی منگنی کی خبر کی تصدیق ان کے کوچ مسعود ظفر امینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
مسعود ظفر امینی کے مطابق یہ پروگرام 16 جنوری کو رنکو سنگھ کے نئے گھر یعنی اوزون سٹی علی گڑھ میں ہوا۔ پریا سروج کے والد طوفانی سروج جمعرات کو علی گڑھ آئے اور رنکو اور پریا سروج کی منگنی ہو ئی۔ رنکو نے بھارت کے لیے 2 ون ڈے میچوں میں 55 رنز اور 30 ٹی ٹوئنٹی میں 507 رنز بنائے ہیں۔
پریا سروج کون ہیں؟
پریا سروج ایک ہندوستانی سیاست دان ہیں۔ وہ ایک وکیل بھی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایمیٹی یونیورسٹی سے ایل ایل بی مکمل کیا ہے۔
فی الحال وہ سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ وہ 25 سال کی عمر میں ایم پی بنی تھیں۔ پریا لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے والی سب سے کم عمر امیدواروں میں سے ایک ہیں۔ ان کے والد طوفانی سروج ہیں، جو اتر پردیش سے 3 بار ایم پی اور موجودہ ایم ایل اے ہیں۔
پریا کے والد اتر پردیش کی مچھلی شہر لوک سبھا سیٹ سے تین بار (1999، 2004 اور 2009) ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ اب پریا بھی اس سیٹ سے ایم پی ہیں۔ رنکو سنگھ کی منگیتر پریا سروج 23 نومبر 1998 کو وارانسی میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس کا سیاست میں اثر و رسوخ ہے۔