پرتھ:ہفتہ کو پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 5-1 سے شکست دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹم برانڈ (تیسرے منٹ)، ٹام وکھم (20ویں اور 38ویں منٹ)، جوئل رنٹالا (37ویں منٹ) اور فلین اوگیلیو (57ویں منٹ) نے گول کیے جبکہ ہندوستان کی جانب سے گرجنت سنگھ نے 47ویں منٹ میں واحد گول کیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے تیسرے منٹ میں گول کر کے میچ کا شاندار آغاز کیا۔ عالمی نمبر پانچ آسٹریلوی ٹیم کے لیے ٹم برانڈ نے فیلڈ گول کر کے میچ کے پہلے کوارٹر میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔اس کے بعد ہندوستان نے بھی جوابی حملے کیے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔ محمد راحیل نے کھیل کے 10ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم کے لئے پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔
کھیل کے دوسرے کوارٹر میں ہندوستانی واپسی کے ارادے سے میدان میں اترے لیکن آسٹریلوی کھلاڑیوں نے عالمی نمبر چار ہندوستانی ٹیم کو کھاتہ نہیں کھولنے دیا۔ میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک آسٹریلیا نے 2-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔میچ کے پہلے ہاف کے بعد ہندوستانی ٹیم گول کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی تھی وہیں کینگرو ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں مزید دو گول کر کے اپنی برتری مضبوط کر لی۔ اس دوران ہندوستان نے گول کرنے کے کچھ مواقع بھی بنائے لیکن کھاتہ کھولنے میں ناکام رہا۔