قاہرہ: حماس نے جمعرات کو مزید تین اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا۔ حماس کے اس اعلان کے ساتھ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر ایک بڑے تنازع کو حل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
جنگجو گروپ نے اسرائیل پر جنگ بندی کی دیگر مبینہ خلاف ورزیوں کے علاوہ خیموں اور تیار شدہ مکانات کی فراہمی کی اجازت دینے کی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرنے کے بعد اسیروں کی اگلی رہائی میں تاخیر کی دھمکی دی تھی۔ تو دوسری جانب اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے کہا تھا کہ اگر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ جنگ دوبارہ شروع کر دے گا۔
حماس کی طرف سے یہ اعلان جنگ بندی کو ابھی جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جب کہ اسرائیل نے جمعرات کو غزہ سے راکٹ داغے جانے کا الزام لگایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگ بندی کے طویل مدتی استحکام کے بارے میں شکوک و شبہات برقرار ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے جمعرات کو غزہ کی سرحد کے قریب فوج کے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ فوجی اور سکیورٹی حکام سے ملاقات کی ہے۔
حماس نے کہا کہ اس نے قاہرہ میں مصری حکام کے ساتھ بات چیت کی ہے اور وہ غزہ میں ملبے کو صاف کرنے کے لیے مزید پناہ گاہیں، طبی سامان، ایندھن اور بھاری سامان لانے کے لیے قطر کے وزیر اعظم سے رابطے میں ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ثالثوں نے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا عہد کیا ہے۔
اس اعلان کے فوراً بعد حماس کے ترجمان عبداللطیف القانو نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو فون پر تصدیق کی کہ تین مغویوں کو ہفتے کے روز رہا کر دیا جائے گا، جیسا کہ جنگ بندی کے معاہدے میں طے کیا گیا ہے۔
مصر کے سرکاری نشریاتی ادارے قاہرہ ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ مصر اور قطر تنازعہ کو حل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ دونوں عرب ممالک نے حماس کے ساتھ کلیدی ثالث کے طور پر کام کیا ہے۔
مصری میڈیا نے فوٹیج بھی نشر کی جس میں غزہ کے ساتھ رفح کراسنگ کے مصری جانب عارضی رہائش اور بلڈوزر لے جانے والے ٹرک دکھائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک غزہ میں داخل ہونے سے پہلے اسرائیلی معائنہ کے علاقے کی طرف جا رہے تھے۔
وسطی غزہ میں، ایک رہائشی نے جمعرات کو امید ظاہر کی کہ جنگ بندی کا نازک معاہدہ برقرار رہے گا۔
غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے بتایا کہ جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے، اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 92 فلسطینی ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ان لوگوں پر گولی چلائی ہے جو جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی افواج کے قریب آتے ہیں یا بعض علاقوں میں داخل ہوتے ہیں۔
جنگ بندی کو آنے والے ہفتوں میں ایک بہت بڑا چیلنج درپیش ہے۔ پہلا مرحلہ مارچ کے آغاز میں ختم ہونے والا ہے، اور دوسرے مرحلے پر ابھی تک کوئی ٹھوس بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ دوسری مرحلے میں حماس جنگ کے خاتمے کے بدلے درجنوں باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔
ٹرمپ کی جانب سے غزہ سے 20 لاکھ فلسطینیوں کو نکال کر دوسرے ممالک میں بسانے کی تجویز نے جنگ بندی کے مستقبل کو مزید شکوک میں ڈال دیا ہے۔ اس منصوبے کا اسرائیلی حکومت نے خیرمقدم کیا ہے لیکن فلسطینیوں اور عرب ممالک نے اسے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ عرب ممالک نے پناہ گزینوں کی آمد کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم کے مترادف ہو سکتا ہے۔
ایک غیر معمولی سرزنش میں، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ ٹرمپ کے حالیہ اقدامات بشمول غزہ سے فلسطینیوں کو نکالنے کے لیے ان کا دباؤ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
اردگان نے انڈونیشیا کے ایک ٹیلی ویژن اینکر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ، سچ بتاؤں تو، مجھے مسٹر ٹرمپ کے گزشتہ ادوار میں رویے اور ان کے موجودہ بیانات اور دنیا کے بہت سے ممالک کے لیے چیلنجز کو درست نہیں لگتا، اور میں ان کو مثبت پیش رفت کے طور پر نہیں دیکھتا۔
یمن کے حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی نے دھمکی دی ہے کہ اگر ٹرمپ کا منصوبہ آگے بڑھا تو فوجی مداخلت کی جائے گی۔
الحوثی نے ایک ٹیلی ویژن تقریر میں کہا کہ، ہم فلسطینی عوام کے خلاف اس طرح کے جارحانہ منصوبے کے سامنے کبھی بھی غیر فعال نہیں رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: