حیدرآباد: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ بھارت میچ کے تیسرے ہی دن فتح کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔ اب ٹیم انڈیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے صرف چھ وکٹوں کی ضرورت ہے، جب کہ بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے ابھی بھی 357 رنز درکار ہیں۔
تیسرے دن کے اختتام تک بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں چار وکٹ کھو کر 158 رنز بنا لیے ہیں۔ شکیب الحسن 5 رنز اور کپتان شانتو 51 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل تیسرے دن کے آغاز میں گل اور پنت نے بھارت کی جانب سے شاندار بلے بازی کی اور دونوں کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کی۔
پنت نے 124 گیندوں میں 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہیں مہدی حسن معراج نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد گل نے 161 گیندوں میں 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنے 100 رنز بنائے۔ گِل کے علاوہ کے ایل راہل 22 رنز بنانے کے بعد ناٹ آوٹ لوٹے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔
بھارت نے اپنی دوسری اننگز 4 وکٹوں پر 287 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔ جس کی وجہ سے بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 515 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ واضح رہے کہ بھارت نے روی چندرن اشون کی سنچری اور رویندرا جڈیجا اور یشسوی جیسوال کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز پر ہی سمٹ گئی تھی۔