نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے اگلے سکریٹری کے حوالے سے ایک حیران کن نام سامنے آیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگر مرکزی وزیر داخلہ کے بیٹے جے شاہ اگلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر کے عہدے کے لیے اپنی نامزدگی داخل کرتے ہیں تو روہن جیٹلی بی سی سی آئی کے اگلے سکریٹری کے طور پر ان کے جانشین بن سکتے ہیں۔
روزنامہ ہندی اخبار دینک بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے موجودہ صدر روہن جیٹلی کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، جو بی جے پی کے سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی کے بیٹے ہیں۔
تاہم بی سی سی آئی کے موجودہ صدر راجر بنی سمیت دیگر تمام اعلیٰ عہدے دار اپنے اپنے مقام پر برقرار رہیں گے کیونکہ ان کی میعاد میں مزید ایک سال کا ابھی بھی باقی ہے۔
لیکن ابھی بھی اس بات کو واضح طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ آیا جے شاہ آئی سی سی کے اگلے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ انھوں نے ابھی تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا ہے جبکہ اس کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔