لندن: انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ نے گزشتہ 2 سال سے خراب صحت اور بیماریوں کے باعث ڈپریشن اور پریشانی سے لڑنے کے بعد خودکشی کرلی، اس بات کا انکشاف ان کی اہلیہ امانڈا نے کیا ہے۔ 55 سالہ تھورپ کی موت 5 اگست کو ہوئی تھی۔ گرام تھورپ کی موت کا اعلان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کیا تھا۔
اب ان کی اہلیہ امانڈا نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ خودکشی کرنے سے قبل انہوں نے ذہنی پریشانیوں اور بیماریوں سے طویل جنگ لڑی تھی۔
دی ٹائمز نے تھورپ کی اہلیہ کے حوالے سے کہا کہ وہ (تھورپ) اپنی بیوی اور دو بیٹیوں سے وہ بہت پیار کرتے تھے۔ بچیاں بھی ان سے بہت پیار کرتی تھیں۔وہ بیماری سے لڑ رہے تھے لیکن ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آ رہی تھی۔ انہوں نے واقعی محسوس کیا کہ ہم ان کے بغیر بہتر ہوں گے اور ہمیں بہت دکھ ہے کہ انہوں نے ایسا کیا اور اپنی جان لے لی۔
فرنہم کرکٹ کلب اور چپسٹیڈ کرکٹ کلب کے درمیان گزشتہ ہفتے کے روز ہونے والے میچ کے آغاز سے قبل تھورپ کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی اہلیہ اور ان کی بیٹیاں 22 سالہ کٹی اور 19 سالہ ایما نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ گراہم تھورپ گزشتہ چند برسوں سے شدید ڈپریشن اور پریشانی کا شکار تھے۔ اس کی وجہ سے مئی 2022 میں اپنی جان لینے کی ناکام کوشش کی۔ اس کے نتیجے میں انہیں لمبے عرصے تک آئی سی یو میں رہنا پڑا۔ ان کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ اپنے کام کی ذمہ داریوں کے باوجود تھورپ مسلسل تکلیف میں تھے۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کوچ گراہم تھورپ 55 سال کی عمر میں چل بسے
یہ واضح رہے کہ گراہم تھورپ نے سچن تندولکر اور وریندر سہواگ کے ساتھ فیلڈ شیئر کی تھی۔ انہوں نے 1993 سے 2005 تک انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ کھیلے۔ اس دوران انہوں نے 82 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔