حیدرآباد: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات سے شروع ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انگلینڈ 12 سال بعد بھارت میں سیریز جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔ وہیں ای سی بی (انگلینڈ کرکٹ بورڈ) نے بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔
انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں چار اسپنرز اور ایک تیز گیند باز کو شامل کیا ہے، جس میں لنکا شائر کے ٹام ہارٹلے ٹیسٹ ڈیبیو کیں گے۔ ہارٹلے اب تک 20 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں جس میں انھوں نے 40 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انگلینڈ کے پاس تین اسپنرز کے علاوہ جو روٹ بھی اسپن بولر کا کردار ادا کریں گے۔ انگلش ٹیم نے پہلے میچ کے لیے تجربہ کار تیز گیندباز جیمز اینڈرسن کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔
انگلینڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ حیدرآباد کی پچ پر اسپنرز کو مدد ملے گی۔ اس لیے انہوں نے اپنی ٹیم میں تین اسپنرز کو شامل کیا ہے اور چوتھے اسپنر کا کردار آل راؤنڈر بلے باز جو روٹ ادا کریں گے۔ بین اسٹوکس کی قیادت میں ٹیم میں جونی بیئرسٹو نے بھی اپنی جگہ بنائی ہے۔ تاہم انگلینڈ کے ایک اور اسپنر شعیب بشیر ویزے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے ہیں۔