حیدرآباد: پرتگال کے تجربہ کار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 21 اگست کو اپنا یوٹیوب چینل "UR" لانچ کرتے ہی اپنا نام ریکارڈز بک میں درج کرا دیا۔ کیونکہ پہلے 90 منٹ میں ہی ان کے یوٹیوب چینل کو 10 لاکھ سبسکرائبرز مل گئے، جو کہ تیز ترین 10 لاکھ سبسکرائبرز جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔
اپنا یوٹیوب چینل کھولنے کے ایک دن سے بھی کم وقت میں فٹبالر کے چینل نے 15 ملین سبسکرائبرز کو عبور کر لیا ہے۔ رونالڈو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جہاں ان کی بڑی تعداد میں فالوورز ہیں۔ رونالڈو کے ایکس پر 112.6 ملین، فیسبک پر 170 ملین اور انسٹاگرام پر 636 ملین فالوورز ہیں۔
رونالڈو نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیا،"انتظار ختم ہوا۔ میرا یوٹیوب چینل آخر کار یہاں ہے! SIUUU سبسکرائب کریں اور اس نئے سفر میں میرے ساتھ شامل ہوں،" رونالڈوکی پہلی ویڈیو کو اب تک 13 گھنٹوں کے اندر 7.95 ملین افراد دیکھ چکے ہیں۔ اپنی پہلی ویڈیو میں رونالڈو نے اپنے فٹبال کے شوق کا اظہار کیا اور میدان کے علاوہ اپنی زندگی کے بارے میں بھی معلومات شیئر کیں۔