میلبورن: آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہو گئے جب کہ آل راؤنڈر مارکس اسٹونیس نے آج اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اس سے قبل آل راؤنڈر مچل مارش فٹنس مسائل کے باعث پہلے ہی ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کیا کہا؟
آسٹریلیا نے بھی باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ کپتان پیٹ کمنز اور ساتھی فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کو آئندہ چیمپئنز ٹرافی اور سری لنکا کے خلاف دو ون ڈے میچوں کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے ایک بیان میں کہا، "بدقسمتی سے پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش کچھ انجریز سے نبرد آزما ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے وقت پر مکمل فٹنس حاصل نہیں کر سکے، اگرچہ یہ مایوس کن ہے، لیکن یہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا کے لیے پرفارم کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔"
چیمپئنز ٹرافی کے لیے 4 تبدیلیاں
آپ کو بتاتے چلیں کہ اب آسٹریلیا کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ابتدائی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں۔ پیٹ کمنز ابھی تک ٹخنے کی انجری سے صحت یاب نہیں ہوئے جبکہ جوش ہیزل بھی انجری کا شکار ہیں۔ دونوں آسٹریلوی فاسٹ باؤلرز کو مکمل فٹ ہونے کے لیے وقت درکار ہے۔