اردو

urdu

ETV Bharat / sports

بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے نتیجے سے مطمئن نہیں - Pak NZ T20 Series

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی کیونکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ اس نتیجے سے پاکستان کے کپتان بابر اعظم مطمئن نہیں ہیں۔

Babar Azam unsatisfied with the result of  New Zealand series
بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے نتیجے سے مطمئن نہیں

By UNI (United News of India)

Published : Apr 28, 2024, 9:18 PM IST

اسلام آباد: پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بطور کپتان نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے نتیجے سے وہ مطمئن نہیں ہیں اور ان کے مطابق سیریز کو اچھے مارجن سے جیتنا چاہیے تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی اور سیریز کا ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

نیوزی لینڈ سے سیریز کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے سیریز کے لیے جو اہداف مقرر کیے تھے ان میں سے کچھ حاصل کیے ہیں، بدقسمتی سے کچھ انجریز ہوئی ہیں، بیٹنگ میں ہم نے روٹیشن کی اور کوشش کی کہ مختلف کامبی نیشن کے ساتھ جائیں، ابتدائی چھ اوورز میں مختلف باؤلرز کو استعمال کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ جدوجہد کررہی ہے، جیسے ہم نے کبھی شاداب کو اوپر بھیجا اور کبھی افتخار کو اوپر بھیجا، عثمان کو بھی اوپر بھیج کر موقع دیا تو ہمارا اصل مسئلہ مڈل آرڈر ہے۔

ایک سوال پر بابر نے کہا کہ بطور کپتان میں سیریز 2-2 سے برابر ہونے سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہوں اور ہمیں اس سیریز کو اچھے مارجن سے جیتنا چاہیے تھا البتہ تھوڑا مارجن دینا پڑے گا کیونکہ ٹیم میں کچھ نئے لڑکے نہیں ہیں، البتہ ہم اسے بطور عذر پیش نہیں کر سکتے کیونکہ ہمیں بہتر کرکٹ کھیل کر اس سیریز کو جیتنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین میچوں میں یقیناً 20 سے 30 رنز کم کیے، ہمیں جتنے رنز درکار تھے ہم وہ نہیں کر سکے اور ہم اس پر کام کریں گے جبکہ ہمیں اس سیریز میں اعظم خان کی بھی کمی محسوس ہوئی کیونکہ وہ ایسا کھلاڑی ہے جب وہ کھڑا ہو گا تو میچ کا نقشہ بدل سکتا ہے۔

جب پریس کانفرنس کے دوران بابر سے سوال کیا گیا کہ کیا روٹیشن پالیسی کا اطلاق کپتان پر نہیں ہو گا تو اس پر انہوں نے قدرے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہ رہے تھے کہ میں بھی بیٹھ جاؤں، میرا خیال ہے آپ چاہ رہے تھے کہ مجھے بیٹھنا چاہیے تو اگلی مرتبہ اس پر غور کروں گا۔

ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مجھے لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں ہے، مجھے مختلف کمبی نیشن کے ساتھ چلنا ہے تو مجھے میدان میں ٹیم کے ساتھ رہنا ہو گا، یہ نہیں کہ میں باہر بیٹھ کر ان چیزوں کا مشاہدہ کروں۔ (یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details