ہندوستانی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کے درمیان دبئی میں ہونے والی حالیہ ملاقات جنوبی ایشیا کے بدلتے ہوئے منظر نامے کی تازہ ترین عکاسی ہے۔ گزشتہ سال اگست میں بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد منظر نامے میں تبدیلی آنا شروع ہو گئی۔ تب سے، بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت سے مسلسل حمایت اور چاول کی دستیابی کی درخواستوں کے باوجود، اس نے پاکستان کی طرف قدم بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
بدلتے منظرنامے کی عکاسی اس سے بھی ہورہی ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان سے گولہ بارود اور غذائی اجناس کی درآمد شروع کی ہے جبکہ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار مستقبل قریب میں بنگلہ دیش کا دورہ کررہے ہیں۔ ڈار کے الفاظ میں بنگلہ دیش پاکستان کا کھویا ہوا بھائی ہے۔ ڈار کا دورہ بنگلہ دیش ملک کے قائمقام رہنما، محمد یونس، اور پاکستان کے وزیر اعظم، شہباز شریف کے درمیان حالیہ ملاقاتوں کے بعد طے ہوا ہے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں نے ملکی تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش شروع کی ہے۔ محمد یونس تواتر کے ساتھ اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ سارک کو دوبارہ متحرک کیا جائے جس پر بھارت سردمہری دکھا رہا ہے حالانکہ ڈھاکہ کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مسلح افواج کے درمیان (ملٹری ٹو ملٹری) تعاون بڑھ رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ بنگلہ دیش پاکستان سے شارٹ رینج کے ابدالی بیلسٹک میزائل اور ترکی سے ٹینک خریدنے پر غور کررہا ہے جس کا مطمح نظر بھارت کے خلاف ایک دفاع مستحکم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اس سال فروری سے پاکستانی فوج بنگلہ دیش کی افواج کو تربیت دینے کا آغاز کرے گی۔ یہ تربیت بنگلہ دیش کی چار چھاؤنیوں میں منعقد کی جائے گی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت میجر جنرل رینک کا افسر کرے گا۔
گوکہ پاک فوج کی تربیت بھارت کے لیے کوئی بڑی تشویش نہیں ہے مگر تشویش کی بات وہ بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی ہے جسے پاکستان بڑھاوا دینے کی کوشش کرے گا۔ بنگلہ دیش کو بھارت کے سوا کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ملک میں پاکستان کے داخلے کے ساتھ ہی چین بھی اس کی پیروی کرے گا۔ یہ ایک اضافی تشویش ہوگی۔ مزید یہ کہ اس سے پاکستان کی آئی ایس آئی کے لیے ملک میں بھارت مخالف باغی گروہوں کو تربیت دینے کے لیے اڈے دوبارہ قائم کرنے کے لیے دروازے کھل جائیں گے۔ یہ پہلے بھی ایسا کرتا تھا۔ بنگلہ دیش بھی کشمیری عسکریت پسندوں کو بھارت منتقل کرنے کا راستہ بن سکتا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ یہ کام شروع ہو چکا ہے۔
ہندوستانی سیکریٹری خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات اسلام آباد کو انتباہ دینے کا ذریعہ تھی کہ اگر اس نے بنگلہ دیش سے ہندوستان کو چھیڑنے کا ارادہ کیا تو اسکے کیا نتائج ہوسکتے ہیں۔ فی الحال، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر نہیں ہیں، حالانکہ پاکستان نے افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کے خلاف اپنی جدوجہد کے دوران طالبان کی حمایت کی تھی۔ تحریک طالبان پاکستان یا ٹی ٹی پی اور بلوچ فریڈم فائٹرز کے بڑھتے ہوئے حملوں نے، جو افغانستان کی سرزمین سے کام کرتے ہیں، پاکستانی فوج کیلئے مسائل پیدا کئے ہیں۔ مایوسی کے عالم میں، پاکستان نے افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ایک مبینہ ٹھکانے پر فضائی حملہ کیا۔ اس کے نتیجے میں تقریباً پچاس افراد ہلاک ہوئے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی جوزیادہ تر پاکستان سے واپس آئے تھے۔ جس کی وجہ سے کابل کی طرف سے جوابی کارروائی کی گئی۔
بھارت نے افغانستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور فضائی حملے پر تنقید کی، جس کے بارے میں پاکستان نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے لوگوں کو مزید حملوں سے بچانے کے لیے تھا۔ بھارتی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت معصوم شہریوں پر کسی بھی حملے کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی یہ پرانی عادت ہے کہ وہ اپنی اندرونی ناکامیوں ناکامیوں کا ذمہ دار اپنے پڑوسیوں کو ٹھہراتا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بھارت واحد ملک تھا جس نے ایسا کیا۔ دبئی میں ملاقات سے عین قبل یکجہتی کا یہ مظاہرہ نمایاں تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت، اگفانستان کی پاکستان مخالف جدوجہد میں اسکا موافق ہے۔ افغانستان میں ہندوستان کی پوزیشن بہتر ہے۔ مدد اور حمایت کے لیے بھارت کا احترام کیا جاتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ افغانستان میں سب سے زیادہ نفرت کرنے والے ادارے پاکستان اور داعش ہیں، جن کی راولپنڈی حمایت کرتا ہے۔ بھارت اپنے تازہ ترین اقدامات سے اس جذبہ خیر سگالی کی بنیاد رکھ رہا ہے۔