حیدرآباد:جمہوریت میں اچھی حکمرانی کے لیے اپوزیشن کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے اور یہ دن بدن کم ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کا نتیجہ ہے، جہاں اپوزیشن کی بقا خطرے میں ہے۔ اس سے آنے والے وقت میں مہاراشٹر کی مقننہ میں اپوزیشن کی آواز ایوان دب کر رہ جائے گی۔
مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کے نتائج نے بہت سے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جنہوں نے توقع کی تھی کہ NCP (SP) اور شیو سینا (UBT) کچھ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ اہم ہندسوں کو عبور کریں گی اور مقننہ میں اپنی آواز کو باوزن بنا سکیں گی۔
2019 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں غیر منقسم این سی پی نے 54 سیٹوں پر جیت درج کی جب کہ غیر منقسم شیو سینا 56 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ اس الیکشن میں غیر منقسم شیو سینا نے بی جے پی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا، جب کہ غیر منقسم این سی پی نے کانگریس کے ساتھ مل کر انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات 2024 میں الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق شیوسینا نے 57 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ این سی پی نے 41 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔ اس کے برعکس شیو سینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (ایس پی) کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ این سی پی (ایس پی) نے 10 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ شیو سینا (یو بی ٹی) نے 20 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اجیت پوار کی این سی پی، شرد پوار کی این سی پی سے الگ ہو کر سینئر پوار کو پیچھے چھوڑ کر بہت آگے نکل گئی۔ یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ اپنے سیاسی کرئیر کے آخری پڑاؤ پر ہیں۔ ان کی سیاسی میراث خطرے میں ہے۔ اپنی بیٹی سپریا سولے سے پیار کی وجہ سے سینئر پوار کو ان کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے بکھراؤ کی صورت میں بھاری قیمت چکانی پڑی۔
اسی طرح شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے ایکناتھ شندے کو شیو سینا کے وجود کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے ایک باعزت مقام دے کر مطمئن رکھ سکتے تھے، جیسا کہ ان کا دعویٰ ہے۔ وہ اپنے کزن راج ٹھاکرے کے ساتھ بھی ڈیل کر سکتے تھے۔ اگرچہ مذاکرات کاروں نے ادھو اور راج کے درمیان ثالثی کرانے کی کوشش کی، لیکن بائیولوجی نے کھیل بگاڑنے کا کام کیا اور انہیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کر دیا۔ اب لوگوں نے ایکناتھ شندے کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اس نے اس نہ ختم ہونے والی لڑائی کا آسانی سے فیصلہ کر دیا کیونکہ بالاصاحب ٹھاکرے کی شیوسینا پر شندے کے ساتھ ان کے بیٹے ادھو کا بھی دعویٰ تھا۔
سینئر پوار، ادھو، اور کانگریس کے لیڈروں کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کچھ امید تھی، لیکن ان کی خوشامد پسندی ان کے اندرونی جھگڑوں سے ظاہر ہوگئی جس نے ووٹروں کی عدم اطمینان میں اضافہ کیا اور بی جے پی کے لیے میدان کھلا چھوڑ دیا۔
ان نتائج نے نہ صرف ادھو یا شرد کو خطرے میں ڈال دیا بلکہ اجیت کی قیادت والی این سی پی اور ایکناتھ کی قیادت والی شیو سینا کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے، جن کی جیتی ہوئی سیٹوں کی تعداد بہت کم ہے اور آنے والے دنوں حکومت کی تشکیل کے لیے بی جے پی سے مول بھاؤ کے دوران ان کی بات مشکل سے سنی جائے گی۔
انتخابی نتائج کے بعد وراثت کی تعریف بدلتی دکھائی دے رہی ہے اور لوگوں کے پاس وراثت کو جانچنے کا اپنا طریقہ ہے۔ مہاراشٹرا ایک بہترین مثال ہے جہاں لوگوں نے مہایوتی کو حکومت کرنے کا مینڈیٹ دے کر ادھو کے مقابلے ایکناتھ شندے کا انتخاب کیا۔ اسی طرح اجیت پوار کو شرد پوار پر ترجیح دی۔ ان نتائج نے مہاراشٹر کی سیاسی محرکات کو بدل دیا ہے جہاں ریاستی اسمبلی پر علاقائی پارٹیوں کا غلبہ ہوگا۔