حیدرآباد (اردو ڈیسک):شعرا و ادبا کو اس زبان سے محبت ہونا بالکل فطری اور لازمی بات ہے جس زبان میں وہ اپنے تصورات و تخیلات کو پیش کرتے ہیں اور جب بات اردو زبان کی ہو تو اپنے اور پرائے کیا، سبھی اس کی شیرینی، فصاحت و بلاغت، تہذیب و وتمدن اور لطافت کے قائل نظر آتے ہیں۔ اردو شعرا نے اس شیریں زبان کی خوبیوں اور اس کے ساتھ وقت کی ستم ظریفیوں کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے کلام میں ڈھالا ہے جو پڑھنے کے لائق ہے۔ ملاحظہ کیجیے اردو زبان پر منتخب اشعار:
اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغؔ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
داغؔ دہلوی
نہیں کھیل اے داغؔ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے
داغؔ دہلوی
وہ عطر دان سا لہجہ مرے بزرگوں کا
رچی بسی ہوئی اردو زبان کی خوشبو
بشیر بدر
وہ کرے بات تو ہر لفظ سے خوشبو آئے
ایسی بولی وہی بولے جسے اردو آئے
احمد وصی
سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
نامعلوم
بات کرنے کا حسیں طور طریقہ سیکھا
ہم نے اردو کے بہانے سے سلیقہ سیکھا
منیش شکلا
جو دل باندھے وہ جادو جانتا ہے
مرا محبوب اردو جانتا ہے
انیس دہلوی
اردو جسے کہتے ہیں تہذیب کا چشمہ ہے
وہ شخص مہذب ہے جس کو یہ زباں آئی
روش صدیقی
ابھی تہذیب کا نوحہ نہ لکھنا
ابھی کچھ لوگ اردو بولتے ہیں