اردو

urdu

ETV Bharat / literature

پریم چند کا مطالعہ بھارت کی سماجی و تہذیبی روایات کا مطالعہ ہے: پروفیسر آفتاب احمد آفاقی - Munshi Premchand

پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے پریم چند کے متعلق اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پریم چند کا مطالعہ دراصل ہندوستان کی سماجی و تہذیبی روایات کا مطالعہ ہے۔ پریم چند نے اپنے ادب میں اسے برتا اور انسانی وسماجی مسائل کی ترجمانی پوری دیانتداری کے ساتھ کی۔

The study of Premchand is the study of social and cultural traditions of India: Professor Aftab Ahmad Afaqi
پریم چند کا مطالعہ بھارت کی سماجی و تہذیبی روایات کا مطالعہ ہے: پروفیسر آفتاب احمد آفاقی (ETV Bharat Urdu)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 2, 2024, 11:08 AM IST

وارانسی: منشی پریم چند اردو اور ہندی کے نمائندہ فکشن نگار تھے۔ دونوں زبانوں کے ادب میں ان کی خدمات مشترک ہیں لیکن بنیادی طور پر وہ اردو کے ہی کہانی کار ہیں۔ انہوں نے اپنی کہانیوں سے محروم و مظلوم طبقے میں نہ صرف بیداری پیدا کی بلکہ ذات پات اور امتیازی سلوک کے خاتمے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ ان کا سماجی و تہذیبی مطالعہ بہت وسیع تھا۔ اپنے ادب میں انہوں نے اسے برتا اور سماجی و انسانی مسائل کی ترجمانی پوری دیانت داری کے ساتھ کی۔ ان خیالات کا اظہار شعبۂ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی کے صدر پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کیا۔

پریم چند کے نام پر ڈاک ٹکٹ بھی جاری ہوا (22108225ETV Bharat Urdu)

پریم چند کی یوم پیدائش کے موقع پر شعبۂ اردو کے زیر اہتمام منعقد طلباء سیمینار میں انہوں نے نئی نسل کو پریم چند کی تفہیم اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ شعبہ کے استاد ڈاکٹر مشرف علی نے پریم چند کی فکر وفن پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پریم چند کی شخصیت بہت تہ دار اور پہلودار ہے اور ہر پہلو سچائی وصداقت کی ترجمانی کرتا ہے۔ پریم چند کا عہد ہندوستان کے سیاسی وسماجی پس منظر میں بہت اہمیت رکھتا ہے، جسے سمجھے بغیر ان کے ادب کو نہیں سمجھا جاسکتا۔

پریم چند نے انسانی وسماجی مسائل کی ترجمانی کی (22108225ETV Bharat)
شعبہ کے استاد ڈاکٹر قاسم انصاری نے پریم چند کے اردو ہندی رشتوں پر خاصی تفصیل سے روشنی ڈالی اور ان کی خدمات کو لازوال قرار دیا۔ انہوں نے تحریکِ آزادی اور حب الوطنی کے حوالے سے پریم چند کی خدمات کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر احسان حسن نے پریم چند کے ادبی نظریات اور عہد حاضر میں ان کی معنویت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ‌ پریم چند ہمیشہ یاد کیے جاتے رہیں گے۔
پریم چند کا مطالعہ بھارت کی سماجی و تہذیبی روایات کا مطالعہ ہے: پروفیسرآفتاب احمد آفاقی (22108225ETV Bharat Urdu)
سیمنار کا آغاز یونیورسٹی کے بانی پنڈت مدن موہن مالویہ کے مجسمے پر گل پوشی اور گیت سے ہوا۔ خاصی تعداد میں ایم اے اور پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز نے پریم چند کی حیات وخدمات پر مضامین پڑھے۔ اساتذہ نے ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔ نظامت کے فرائض اسرا بانو اور محمد محفوظ نے انجام دیے۔ جب کہ اظہار تشکر کی رسم پرویز عالم نے ادا کی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details