اننت ناگ : جموں و کشمیر میں فائر سروسز گھوٹالے کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا، اس سلسلہ میں سب سے پہلے اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے بٹنگو میں ایک ریٹائرڈ کے اے ایس افسر، محمد یعقوب ڈار کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ تفصیلات کے مطابق اے سی بی نے فائر سروس رکریوٹمنٹ میں ہوئی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلہ میں اننت ناگ میں چھاپے مارے۔ بٹنگو علاقے میں ایک ریٹائرڈ کے اے ایس افسر محمد یعقوب ڈار کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ محمد یعقوب ڈار مرحوم عبدالوہاب ڈار کے صاحبزادے ہیں جو پہلے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں چیئرمین (ٹیکنیکل) اور اسسٹنٹ ڈویژنل آفیسر (ADO) رہ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اے سی بی کی محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر پر چھاپہ ماری - ACB Raids In Hyderabad - ACB RAIDS IN HYDERABAD
ایک اہلکار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ڈی وائی ایس پی رینک کے افسر کی قیادت میں چھاپہ ماری کی گئی، فائر سروس کی نوکریوں میں بے ضابطگیوں کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن وسطی کشمیر میں درج ایف آئی آر نمبر 01-2025 کے سلسلے میں یہ کاروائی کی گئی۔ اس کیس میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز (F&ES) ڈپارٹمنٹ میں فائر مین ڈرائیورز کے رکریوٹمنٹ کے عمل میں کی گئی بے ضابطگیاں شامل ہیں۔ اے سی بی کے زیر تفتیش افراد میں ڈپارٹمنٹ آف رکریوٹمنٹ بورڈ کے ممبران، بشمول چیئرمین، ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران، افسران، محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکار، جو بھرتی کے عمل سے وابستہ رہے ہیں۔