نئی دہلی: ساہتیہ اکادمی کے زیراہتمام منعقد پروگرام ایک شام نقاد کے نام میں ہندی اور اردو کے اہم نقاد ڈاکٹر جانکی پرساد شرما کو مدعو کیا گیا تھا جنھوں نے اردو اور ہندی کے تخلیقی رشتے پر اظہارِ خیال کیا۔
پروگرام کے آغاز میں اکادمی کے ایڈیٹر (ہندی) انوپم تیواری نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کیا اور ان کا تعارف پیش کیا ڈاکٹر جانکی پرساد شرما نے کہا کہ میں تقریباً چالیس برسوں سے اردو اور ہندی کے تخلیقی رشتے کے موضوع کی مختلف جہتوں پر کام کررہا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ اردو غیرملکی زبان نہیں ہے، یہ تو خالص بھارتی زبان ہے۔ اس میں موجود 75 فیصد الفاظ اصل سنسکرت اور پراکرت سے آئے ہیں۔ انھوں نے پروفیسر گوپی چند نارنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پروفیسر نارنگ کہا کرتے تھے کہ کوئی خالص فارسی داں ایرانی، اردو کے ایک پیراگراف کی قرأت ٹھیک سے نہیں کرسکتا۔