حیدرآباد (نیوز ڈیسک):اردو کے معروف و مشہور شاعر فہمی بدایونی اتوار کو انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے بیمار چل رہے تھے۔ گذشتہ روز 72 برس کی عمر میں وہ اس دار فانی کو الوداع کہہ کر اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ انہیں پیر کے روز ان کے آبائی وطن بدایوں میں سپرد خاک کیا گیا۔
سادہ زبان اور منفرد انداز بیان
فہمی بدایونی کا شمار موجودہ دور کے اردو کے بڑے شعراء میں ہوتا ہے۔ وہ شعری دنیا میں اپنے منفرد انداز بیان اور سادہ زبان کے لیے جانے جاتے ہیں۔ جب وہ اسٹیج پر اپنے سادہ سے پہناوے اور عام سماجی حلیے کے ساتھ چھوٹے چھوٹے مصرعوں میں بڑی بڑی باتیں عام فہم لفظوں میں پیش کرتے تو لوگوں کے دلوں میں سما جاتے تھے۔ سوشل میڈیا پر ان کے متعدد ویڈیوز وائرل ہوئے اور عام و خاص سبھی کے بیچ یکساں مقبولیت پائی۔ دنیائے ادب کے افق پر اس درخشندہ ستارے کے غروب کو ایک ناقابل تلافی نقصان مانا جا رہا ہے۔