ادھمپور (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے ادھم پور ضلع میں بسنت گڑھ علاقے کے گھنے جنگلات میں منگل کو سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم شروع ہوا جو ابھی بھی جاری ہے۔ جموں کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز کے مشترکہ گروپ نے عسکریت پسندی مخالف آپریشن شروع کیا اور ضلع کے بسنت گڑھ علاقے کے بالائی علاقوں کو محاصرے میں لیکر چھپے عسکریت پسندوں کی تلاش شروع کی اور عسکریت پسندوں نے حفاظتی اہلکاروں پر فائرنگ کی جو تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔
ڈی آئی جی، ادھم پور، رئیس محمد بٹ نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’’علاقے میں مشکوک / عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے مخصوص معلومات حاصل کرنے کے بعد، ہماری پارٹیوں کی جانب سے منگل کی صبح تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ پولیس اسٹیشن بسنت گڑھ کے علاقے خانید میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے ساتھ کنٹیکٹ قائم (تصادم شروع) ہوا ہے اور آپریشن جاری ہے۔‘‘