سرینگر (نیوز ڈیسک) :صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع کشتوار کے بونجواہ علاقے میں دو نابالغ بھائی غرقاب ہوئے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ چلی پنگل، گندوہ کے رہنے والے 16سالہ ناصر حسین اور 13سالہ یاسر حسین پسران محمد شفیع زرگر، بونجواہ علاقے کی ایک ندی میں غرقاب ہو گئے۔ گھنٹوں کی مشقت کے بعد دونوں بھائیوں کی جسد خاکی کو بازیاب کر لیا گیا۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ دو بھائیوں کی ندی میں ڈوب کر ہلاکت کی خبر کے فوراً بعد لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا اور رضاکاروں، پولیس کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ قریب چار گھنٹوں کی مشقت کے بعد غرقاب ہوئے دونوں بھائیوں کی جسد خاکی بازیاب کر لی گئی جنہیں پولیس نے قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔ کشتواڑ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔