جموں: ریاستی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے خلاف ایک اہم کارروائی میں، اودھم پور پولیس نے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت عسکریت پسندوں کی دو معاون خواتین کو حراست میں لیا ہے۔ دونوں کی شناخت مریم بیگم اور ارشد بیگم کے طور پر ہوئی ہے۔ مریم بیگم کا تعلق لودھرا، بسنت گڑھ سے ہے جبکہ ارشد بیگم کا تعلق رائے چک، بسنت گڑھ سے ہے۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں مبینہ طور پر عسکریت پسند تنظیموں کی مدد کرنے میں ملوث ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق، حراست میں لی گئی خواتین نے لاجسٹک مدد فراہم کی اور دہشت گرد تنظیموں کے لیے گائیڈ کے طور پر کام کیا۔ پولیس نے ان خواتین کو عوامی تحفظ اور امن کے لیے مستقل خطرہ قرار دیا۔
آپریشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، "یہ خواتین دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرانے میں سرگرم عمل تھیں، جس سے خطے کی حفاظت اور سلامتی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ان خواتین کی پی ایس اے کے تحت حراست ضروری تھی۔
پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حراست ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے ان کے عزم کے مطابق ہے۔ افسر نے مزید کہا، "ہم کسی بھی ایسی کارروائی کو برداشت نہیں کریں گے جس سے ہمارے شہریوں کی حفاظت اور سلامتی سے سمجھوتہ ہو۔ جو بھی شخص دہشت گردی کی مدد کرتا یا اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہوا پایا گیا اسے سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔"
حکام نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ کیس میں ملوث اضافی روابط یا ان کے ساتھیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔