پلوامہ : جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ پلوامہ کے ایک شخص پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق 3 دسمبر کی شام شادی مرگ میں ایک شخص پر تیزاب حملہ کیا گیا جس کے بعد اسے فوری طور پر قریبی راج پورہ کے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے انہیں سکمز سورہ ریفر کیا۔ تیزاب حملہ میں شدید زخمی شخص کی شناخت محمد شفیع میر کے طور پر کی گئی جس کی کالام پورہ کے علاقہ میں دکان ہے۔ تیزاب حملہ کے وقت شفیع میر اپنی دکان بند کرکے گھر کی طرف جارہے تھے۔
عینی شاہد کے مطابق محمد شفیع میر اپنی دکان بند کرنے کے بعد گھر کی طرف جارہے تھے کہ اچانک کچھ نامعلوم افراد نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔ متاثرہ شخص کی چیخ و پکار کے بعد مقامی دکاندار موقع پر پہنچے اور محمد شفیع میر کو راج پورہ اسپتال منتقل کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راج پورہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر تیزاب حملہ کے مجرم کو عمر قید کی سزا
رشتہ داروں اور شادی مرگ کے تاجروں کی انجمن نے ایس ایس پی پلوامہ سے درخواست کی کہ اس معاملہ کی تحقیقات کو تیز کرتے ہوئے فوری طور پر مجرم کو گرفتار کیا جائے اور اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔