اننت ناگ (جموں کشمیر) :سرینگر جموں قومی شاہراہ پر اکثر و بیشتر زمین کھسکنے، چٹانیں گر آنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے سرینگر جموں قومی شاہراہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کی جاتی ہے۔ سرینگر - جموں شاہراہ کے علاوہ شوپیاں - پونچھ،راجوری روڈ اور سرینگر لیہہ سڑک کے علاوہ دیگر شاہراہیں بھی عارضی طور بند کی جاتی ہیں، وہیں برفباری کے دوران ٹریک خدمات جاری رہتی ہے، کشمیر میں گزشتہ دنوں ہوئی برفباری کے باوجود بارہمولہ - بانہال ریل خدمات جاری رہیں، وہیں مسافرین سمیت سیاحوں نے رام بن ضلع میں جاری ریل پروجیکٹ کو فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مسافرین ہر موسم میں سفر کو جاری رکھ سکیں۔
سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل کیے جانے کے سبب اس شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں، سیاحوں حتی کہ بعض اوقات یاتریوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موسم سرما میں بھی بارشوں یا برفباری کی وجہ سے شاہراہ کو آئے روز ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا جاتا ہے جس نہ صرف کشمیر میں غذائی اجناس کی قلت کا اندیشہ رہتا ہے جبکہ یہاں آئے سیاحوں کو بھی کافی مشکلات درپیش رہتی ہیں۔ مسافر قومی شاہراہ کے بند ہونے کے بعد ریل کے ذریعے بانہال تک مسافت طے کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم وہاں بھی انہیں بعض اوقات شاہراہ بند رہنے کے سبب انہیں واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ مسافرین خاص کر سیاحوں نے سرینگر جموں ریل پروجیکٹ پر رکے پڑے کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ تاکہ مسافرین بغیر پریشانی شاہراہ پر سفر کر سکیں۔