سرینگر:وادی کشمیر کو زمینی راستے سے ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر - جموں شاہراہ ضلع رام بن میں بھاری بارشوں کے باعث بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ ادھر، جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور سرینگر لیہہ شاہراہ پر برف جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لئے مسلسل بند ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’قومی شاہراہ پر رام بن میں مہاڑ کیفٹیریا اور بانہال میں چملواس کے مقام پر بھاری بارشوں کے باعث بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔‘‘ حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتراز کریں اور سفر سے قبل سرینگر جموں شاہراہ کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے محکمہ ٹریفک کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔