اننت ناگ:ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کی جانب سے چیر پورہ شانگس اننت ناگ میں ہفتہ کے روز یک روزہ ورکرس کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی اے پی کے سینیئر لیڈران جن میں سابقہ ایم ایل اے گلزار احمد وانی، ہارون چودھری اور دیگر لیڈران موجود تھے۔اس جلسے میں اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں نے غلام نبی آزاد کا والہانہ استقبال کیا اور ڈی پی اے پی کے حق میں نعرے بازی کی۔
اس موقع پر غلام نبی آزاد نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور امید جتائی کہ آنے والے انتخابات میں اسی طرح لوگ ڈی پی اے پی کو پوری طرح سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آج تک جتنی بھی حکومتیں آئی، اس علاقے کو ہمیشہ نظر انداز کیا، جو مانگیں یہاں کے لوگوں کی ہے جیسے کہ اس علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کی ضرورت تھی تاکہ اس پسماندہ علاقے کے لوگوں کے لئے روزگاری وسائل پیدا ہو ، ساتھ ہی ساتھ اگر یہاں کی معیشت کو بڑھانے کے لیے زیارت اور درگاہوں پر زیارتی سیاحت کو بڑھاوا دیا جائے تو کشمیر کیلئے کافی فائدہ مند ثابت ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ "آج تک یہاں کے لوگوں نے سہا ہے، انہیں پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے مستقبل کو روشن کیسے کر سکتے ہیں، سبھی جماعتوں نے یہاں کی عوام کے ساتھ استحصال کیا۔" میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ ضرور واپس ملے گا میں نے اکیلے ہی اس کے لئے پارلیمنٹ میں آواز بلند کی تھی، جبکہ باقی پارٹیوں نے دفعہ 370 کی منسوخی پر بھی کوئی بات نہیں کی'۔