سرینگر (جموں کشمیر) :وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے سے قبل سرینگر میں سیکورٹی کے انتظامات میں مزید اضافہ کیا گیا ہے جبکہ وادی بھر میں فورسز کو چوکس رہنے کے ہدایات دئے گئے ہیں۔ سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس افسران نے سرینگر کے پولیس کنٹرول روم میں ایک اجلاس منعقد کرکے شہر میں سیکورٹی بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر سرینگر میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری کو تعینات کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق سرینگر کے ائرپورٹ روڑ سے ایس کے آئی سی سی (SKICC) تک کے راستے میں سیکورٹی انتظامات سخت کئے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی بڑھائی جائے گی۔ ایک پولیس افسر نے اس ضمن میں کہا کہ ’’پولیس اور سی آر پی ایف کے کمانڈوز کو ایس کے آئی سی سی کے ارد گرد تعینات کیا جائے گا، وہیں پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں کو شہر کی اندرون سڑکوں پر تعینات کرکے شہریوں اور شر پسند عناصر پر نگرانی رکھی جائے گی۔‘‘