شوپیاں:جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بدھ کو مختلف سڑک حادثات میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت تقریباً ایک درجن افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ضلع کے پیر کی گلی نامی علاقے میں ایک ٹاٹا موبائل گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں گجر بکروال قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں تین خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوراً طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران، ضلع کے چوگام علاقے میں بھی ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار ایک تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ جموں و کشمیر خاص کر سرینگر جموں شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں ہر سال سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں جبکہ درجنوں افراد عمر بھر کے لیے معذور بھی ہو جاتے ہیں۔