جموں:سرحدی ضلع راجوری میں آج صبح ایک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں چار ایک ہی خاندان کے تھے۔ واضح رہے کہ اتوار کی صبح راجوری ضلع میں ایک گاڑی کے الٹ جانے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ ایک ایکو وین (JK11G-7794) آج صبح ٹھنڈیکسی سے لام کی طرف جارہی تھی، جہاں وہ چالان ٹھنڈیکسی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیور ارون کمار ولد ہیمراج ساکن لام اور محمد دین ولد فقیر محمد اور ایک مزید شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ لائن آف کنٹرول کے قریب ہونے والے اس حادثے میں گاڑی میں سوار چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
زخمیوں کی شناخت عاطف اسلم ولد محمد اسلم، زرینہ زوجہ محمد اکرم، محمد اسلم ولد محمد دین، ان کی اہلیہ شاہدہ، بیٹی آسیہ صدیقہ اور بیٹا رضا کے نام سے ہوئی ہے جو تمام باگلہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش پولیس کی جانب سے جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر جموں قومی شاہرہ پر پیش آئے ایک اور حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔