اننت ناگ (جموں کشمیر):ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں گڈویل اور اس سے متصل دیہات کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’ایک جانب حکومت تعمیر و ترقی اور لوگوں کو سہولیات پہنچانے کی غرض سے پر عزم ہونے کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے، وہیں دوسری جانب گڈویل جیسے دور دراز علاقوں میں حکومت کے دعوے سراب ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضرورت کے لیے ترسنا پڑ رہا ہے۔‘‘
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک پہاڑی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پینے کے صاف پانی کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جل شکتی انہیں ہفتے میں دو یا تین مرتبہ ہی پانی فراہم کر رہا ہے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’برفباری کے موسم میں علاقے کی کثیر آبادی برف کو برتنوں میں جمع کرتے ہیں جسے بعد میں پگھلا کر پینے کے لئے استعمال میں لایا جاتا ہے، جبکہ بارشوں کے موسم میں لوگوں کو بارش کے پانی سے گزارا کرنا پڑتا ہے۔