پلوامہ: ضلع پلوامہ کے گوری پورہ اونتی پورہ علاقے میں ماڈل قبائلی رہائشی اسکول کی ایک رہائشی عمارت رات دیر گئے آگ لگنے کے واقعے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم اندازہ لگایا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہوگی۔ مذکوہ اسکول میں جموں اور کشمیر کے مختلف علاقوں کے تقریباً 75 طلبہ رہ رہے ہیں۔
ماڈل قبائلی رہائشی اسکول کے وارڈن محمد فاروق نے بتایا کہ طلبہ اور عملہ احاطے میں شبِ قدر کی نماز ادا کر رہے تھے، جب رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور عملے نے فوری طور پر آگ کو قابو میں کرنےکی کوشش کی اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور جموں و کشمیر پولیس کو بلایا، جنہوں نے تھوڑی ہی دیر میں جائے واقعہ پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ میں طلبہ کا تمام سامان اور ضروری اشیاء بھی جل کر راکھ ہو گئیں۔
ایک طالب علم یاسر احمد نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے کے دوران ان کا سامان بشمول ضروری دستاویزات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طلبہ کے امتحانات جاری ہیں اور آتشزدگی کے واقعہ میں طلبہ کی رول نمبر سلپس بھی جل گئیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ سے اپیل کہ طلبہ کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔