جموں:75ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر میں مرکزی تقریب مولانا آزاد (ایم اے) اسٹیڈیم جموں میں منعقد ہوئی، جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔ قبل ازیں انہوں نے بلیدان ستمب (وار میموریل) پر پھول مالا چڑھا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مارچ پاسٹ میں فوج، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، ایس ایس بی، این سی سی کیڈٹس، اسکول کے طلبہ اور دیگر دستوں نے حصہ لیا۔ جموں کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کی جانب سے اسکول کے بچوں اور فنکاروں نے حب الوطنی کے موضوع پر رنگا رنگ اور ثقافتی پروگمز پیش کیں۔
اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پنچایتی اور میونسپل اداروں کے انتخابات درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عمل کی تکمیل کے بعد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میں آباد مغربی پاکستان کے شہریوں کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔