سرینگر: وادی کشمیر میں بھاری برفباری کی وجہ سے پروازوں اور ٹرین خدمات میں خلل پڑا اور سڑکیں بند ہو گئیں۔ ان مشکلات کے درمیان کشمیری عوام نے سخاوت اور مہمان نوازی کی مثال پیش کرتے ہوئے اپنے گھروں اور مساجد میں مسافروں کو پناہ دینے کے ساتھ کھانا اور پانی فراہم کیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے اس مشکل وقت میں پناہ اور مدد فراہم کرنے کے لیے کشمیری کمیونٹی کی کوششوں کو سراہا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے وادی کے لوگوں کی طرف سے دکھائے گئے مہمان نوازی کے جذبے کی تعریف کی۔
Heartening to see Kashmiris opening their Masjids and homes to stranded tourists amidst heavy snowfall. This gesture of warmth and humanity reflects our longstanding tradition of hospitality and help in times of need. pic.twitter.com/pkEeF1oLBG
— Mirwaiz Umar Farooq (@MirwaizKashmir) December 28, 2024
میرواعظ نے کہا کہ "بھاری برف باری کے درمیان کشمیریوں کو اپنی مساجد اور گھروں کو پھنسے ہوئے سیاحوں کے لیے کھولتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ گرمجوشی اور انسانیت کا یہ مظاہرہ ہماری مہمان نوازی اور بوقت ضرورت مدد کی دیرینہ روایت کی عکاسی کرتا ہے۔"
یہ بھی پڑھیں: کشمیری سخاوت: برف باری میں پھنسے سیاحوں کیلئے کھول دیے گئے گھروں اور مسجدوں کے دروازے
بھاری برف باری کی وجہ سے پوری وادی میں جہاں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اور عوام کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا وہیں، بہت سے سیاح بھی ان مشکل صورت حال میں پھنس گئے۔ بھاری برف جمع ہونے کی وجہ سے اسٹریٹجک سرینگر جموں شاہراہ بند ہو گئی، راستے میں متعدد گاڑیاں پھنس گئی، نیز پروازوں کے منسوخ ہونے کی وجہ سے بھی سیاح پھنسے رہ گئے۔ ایسے حالات میں مقامی لوگوں نے ان سیاحوں کی ہر طرح سے مدد کی۔
موسم کی پہلی برف باری جنوبی اور وسطی کشمیر کے علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہوئی جبکہ جنوبی کشمیر کے اضلاع میں جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک کافی برف باری ہوئی۔ اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ حکام سڑکوں سے رابطہ بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔