اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

نو خواتین، نو کہانیاں: پہلے مرحلے میں نو عورتیں امیدوار، گلشن سے میناکشی تک، سبھی کی الگ الگ شناخت - JK Assembly Elections 2024 - JK ASSEMBLY ELECTIONS 2024

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 219 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں نو خواتین امیدوار شامل ہیں جن میں کچھ سیاسی تجربہ کار ہیں تو کچھ نئے چہرے بھی ہیں۔ آزاد امیدوار گلشن اختر سب سے بزرگ خاتون امیدوار ہیں۔

Jammu Kashmir Election 2024
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 2, 2024, 9:37 AM IST

سری نگر: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 سیٹوں پر 18 ستمبر کو ووٹنگ ہو گی۔ اس مرحلے میں 219 امیدوار میدان میں ہیں۔ پہلے مرحلے میں نو خواتین امیدوار بھی مقابلہ کر رہی ہیں، جو کافی سرخیوں میں ہیں۔ ان خواتین امیدواروں کا پس منظر مختلف ہے۔ سیاسی تجربہ کاروں سے لے کر نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ روایتی طور پر مردوں کی بالادستی والے میدان میں صنفی تنوع کی طرف ایک اہم تبدیلی آئی ہے۔ آئیے ان خاص خواتین کے بارے میں جانتے ہیں۔

گلشن اختر

اننت ناگ ویسٹ سیٹ سے آزاد امیدوار 60 سالہ گلشن اختر ایک ریٹائرڈ سرکاری ٹیچر ہیں۔ وہ اکنامکس اور انگریزی میں پوسٹ گریجویٹ ہونے کے ساتھ ساتھ بی ایڈ بھی ہیں۔ انہوں نے صرف 3 لاکھ روپے بینک ڈپازٹس کے طور پر ظاہر کیا ہے اور ان کے پاس کوئی اور اہم اثاثہ نہیں ہے۔

ان کی سیاست سماجی انصاف سے وابستگی اور پارٹی سیاست کے اثر و رسوخ کے برعکس ہے۔ گلشن آزاد امیدوار کی حیثیت سے اسمبلی میں پہنچ کر عوام کی آواز بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے 2024 کا لوک سبھا الیکشن بھی لڑا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

التجا مفتی

سری گفوارہ بجبہاڑہ سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی امیدوار 37 سالہ التجا مفتی کا تعلق جموں و کشمیر کے ایک ممتاز سیاسی خاندان سے ہے۔ ان کی والدہ محبوبہ مفتی اس وقت پی ڈی پی کی صدر ہیں اور اس سے قبل ریاست جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ تھیں۔

التجا مفتی، جنہوں نے یونیورسٹی آف واروک لندن سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کی ہے کا دعویٰ ہے کہ وہ مقامی مسائل کی گہری سمجھ رکھتی ہیں اور عالمی منظر نامے کو بھی اچھی طرح سمجھتی ہیں۔ التجا کی امیدواری مفتی خاندان کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ انہیں سیاسی سوجھ بوجھ کیلئے نانا مفتی محمد سعید نے اپنے دفتر میں کام کرنے کا موقعہ دیا تھا۔

ان کے اثاثوں میں 3 لاکھ روپے نقد اور 25 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات شامل ہیں۔ اپنی بے باک طبیعت کے لیے جانی جانے والی التجا جموں و کشمیر کی سیاست میں خود کو ایک جدید اور ترقی پسند آواز کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔ ان کے سیاسی میدان میں آنے پر سب کی نظریں ہیں۔

افروزہ بانو

37 سالہ افروزہ بانو کولگام سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ افروزہ، جن کا زمینی سطح کی سیاست سے گہرا تعلق ہے، وہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) کی سابق چیئرپرسن ہیں۔ 10ویں پاس بانو لوگوں کے مسائل حل کرنے اور مقامی ترقی کے لیے لگن کے لیے جانی جاتی ہیں۔

ان کے پاس معمولی اثاثے ہیں جن میں 50,000 روپے نقد، 1 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات اور 6 لاکھ روپے کی کار شامل ہے۔ وہ اپنی انتخابی مہم میں ترقی، صحت اور تعلیم پر زور دے رہی ہیں۔ ان کے شوہر ریاض احمد شاہ اپنی خاندانی جائیداد سے الیکشن میں ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

سکینہ مسعود ایتو

52 سالہ سکینہ مسعود ایتو ایک تجربہ کار سیاست دان اور ڈی ایچ پورہ سے نیشنل کانفرنس (این سی) کی امیدوار ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے سابق رہنما ولی محمد ایتو کی بیٹی سکینہ نے 1994 میں اپنے والد کے قتل کے بعد سیاست میں آنے کے لیے میڈیکل کالج چھوڑ دیا۔ وہ ایم ایل اے، ایم ایل سی اور وزیر رہ چکی ہیں۔ انکے والد کو عسکریت پسندوں نے جموں میں ایک مسجد کے احاطے میں ہلاک کیا تھا۔

سکینہ نے ایک پرعزم رہنما کے طور پر لوگوں میں اپنا امیج بنایا ہے۔ ان کے اثاثوں میں 1.2 کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد، 54 لاکھ روپے کا سونا اور 40 لاکھ روپے سے زیادہ کے بینک ڈپازٹس شامل ہیں۔ سکینہ کی انتخابی مہم اپنے والد کی میراث کو جاری رکھنے پر مبنی ہے۔ وہ نوجوانوں کی بے روزگاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے مسائل پر بھی زور دے رہی ہے۔ سکینہ ایتو غیر شادی شدہ ہیں۔ جن پی ڈی پی بھاجپا کی مخلوط حکومت معرض وجود میں آئی تھی تو انہیں سرینگر میں سرکاری رہائش گاہ سے بیدخل کیا گیا جسے انہوں نے سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا تھا۔

ڈیزی رینہ

56 سالہ ڈیزی رینا ریپبلک پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی) کے ٹکٹ پر پلوامہ ضلع کی راج پورہ سیٹ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ رینا گورنمنٹ ویمنس کالج اننت ناگ سے گریجویٹ ہیں، اس سیٹ سے سب سے امیر امیدوار ہیں۔ اپنے انتخابی حلف نامے میں انہوں نے 2.3 کروڑ روپے کی رہائشی جائیداد اور ایک کروڑ روپے کے سونے کے زیورات کا تزکرہ کیا ہے۔

ان کے اثاثوں میں 5 لاکھ روپے کی کار بھی شامل ہے۔ رینا سیاست میں اپنے شائستہ انداز کے لیے جانی جاتی ہیں اور وہ اپنے حلقے میں زمینی سطح کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتی رہی ہے۔ رینا نے مقامی مسائل کی گہری سمجھ رکھنے والے رہنما کے طور پر مقامی لوگوں میں ایک مضبوط پکڑ بنائی ہے۔ رینہ کا تعلق کشمیری پنڈت فرقے سے ہے۔

میناکشی بھگت

25 سالہ میناکشی بھگت پہلے مرحلے میں سب سے کم عمر امیدوار ہیں۔ وہ بھدرواہ سے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ میناکشی، این آئی ٹی سری نگر سے بی ٹیک ہیں۔ اپنی انتخابی مہم میں اختراعات اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

ان کے پاس صرف 6,000 روپے نقد، 1.3 لاکھ روپے جمع اور 90,000 روپے کی سرمایہ کاری بطور اثاثہ ہے۔ محدود مالی وسائل کے باوجود، میناکشی بھگت نئے خیالات اور ایک نئے انداز کے ساتھ سیاست میں داخل ہوئی ہیں۔ وہ اپنے حلقے میں بے روزگاری اور انفراسٹرکچر جیسے مسائل کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کر کے انتخابی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔

میناکشی کالرا

ڈوڈہ ویسٹ سے آزاد امیدوار 43 سالہ میناکشی کالرا ایک ٹیچر ہیں۔ انہوں نے جموں یونیورسٹی سے تعلیم و تربیت میں ماسٹرس ڈگری کی ہے۔ ان کے پاس 50,000 روپے نقد، 2,000 روپے جمع اور 70,000 روپے کا ذاتی قرض ہے۔

ان رکاوٹوں کے باوجود کالرا تعلیم اور سماجی بہبود کو مسئلہ بنا کر لوگوں کی توجہ مبذول کر رہی ہیں۔ ان کے پاس ایک کار اور چار تولہ سونا ہے۔ کالرا اپنی انتخابی مہم میں تعلیمی اصلاحات، خواتین کو بااختیار بنانے اور دیہی ترقی پر زور دے رہی ہیں۔

پوجا ٹھاکر

پاڈر ناگسینی سے نیشنل کانفرنس کی امیدوار 40 سالہ پوجا ٹھاکر کا تعلق مضبوط تعلیمی پس منظر سے ہے۔ جموں یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹر ڈگری اور بی ایڈ کرنے والی ٹھاکر بہت مثبت مہم چلا رہی ہیں۔ ان کے اثاثوں میں 50,000 روپے نقد، 6.17 لاکھ روپے جمع اور 20.10 لاکھ روپے کے زیورات شامل ہیں۔

پوجا ٹھاکر خواتین کے حقوق کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی سیاسی شمولیت کو بڑھانے کی کوششوں کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ان کی انتخابی مہم بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال جیسے مقامی مسائل پر مرکوز ہیں۔

شگُن پریہار

کشتواڑ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار 29 سالہ شگن پریہار پہلی بار سیاست میں داخل ہوئی ہیں۔ ان کے والد اجیت پریہار اور چاچا انیل پریہار دونوں بی جے پی سے وابستہ تھے جنہیں نامعلوم بندوق برداروں نے 2018 میں قتل کر دیا تھا۔ وہ دونون دکاندار تھے۔ شگن پریہار نے آئی کے گجرال پنجاب ٹیکنیکل یونیورسٹی سے ایم ٹیک کیا ہے۔ ان کے پاس 18,000 روپے نقد، 2.22 لاکھ روپے جمع اور 90 لاکھ روپے کی غیر منقولہ جائیدادیں ہیں۔ ان کی انتخابی مہم سلامتی اور ترقی پر مرکوز ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس (این سی) نے پہلے مرحلے میں دو خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی، پی ڈی پی اور بی ایس پی نے ایک ایک خاتون کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ باقی چار آزاد امیدواروں کے طور پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ بی ایس پی کی میناکشی بھگت سب سے کم عمر امیدوار ہیں، جب کہ آزاد امیدوار گلشن اختر سب سے عمر رسیدہ خاتون ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

جموں کشمیراسمبلی انتخابات کے نتائج 4 کے بجائے 8 اکتوبر کو آئیں گے

جموں میں بکھر رہی ہے بی جے پی، ناراض لیڈروں کے استعفوں کا سیلاب

ABOUT THE AUTHOR

...view details