بجبہاڑہ (اننت ناگ): نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سریگفوارہ بجبہاڑہ کے امیدوار ڈاکٹر بشیر احمد شاہ ویری نے بجبہاڑہ میں انتخابات کے دوران دھاندلی کا الزام لگایا۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران ڈاکٹر ویری نے کہا کہ بجبہاڑہ کے دو پولنگ بوتھ پر فرضی شناخت کا استعمال کرکے ووٹوں میں دھاندلی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برقہ پوش خواتین کو کہیں سے لایا گیا جنہوں نے غلط طریقہ سے ووٹ ڈالا، ڈاکٹر ویری نے کہا کہ انہوں نے اس کی شکایت متعلقہ حکام سے کی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس پر ضرور کاروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹر بشیر ویری نے مزید کہا کہ پی ڈی پی نے یہاں کے لوگوں سے جھوٹے وعدے کئے اور جموں کشمیر کو مصیبت کے دلدل میں پھنسا دیا، اس مصیبت سے چھٹکارا دلانے کے لئے لوگ ایک متبادل امیدوار کو چنیں گے اور انہیں امید ہے کہ عوام اس بار انہیں ضرور خدمت کرنے کا موقعہ دے گی۔