پلوامہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں نوجوان ریڈیو جاکی (آر جے) عمر نثار نے مشق ریکارڈرس کے بینر تلے رمضان المبارک میں دوسرا نعتیہ کلام ’’رحمۃ اللعالمین‘‘ صلی اللہ علیہ وسلم ریلز کیا۔ اس حوالے سے ترال کے ایک مقامی ہوٹل میں مختصر مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
عمر نثار نے مشق ریکارڈز کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری زبان و ادب کو فروغ دینے اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کی کوشش کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ اس موقعے پر ایک گروپ ڈسکشن / مباحثے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کشمیری زبان و ادب کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی۔