کشتواڑ (جموں کشمیر) :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں کشمیر یونٹ کی مہیلا مورچہ کی چیئرپرسن سنجیتا ڈوگرا نے خطہ چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پارٹی کارکنان کے علاوہ مقامی خواتین کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں بی جے پی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں درجنوں خواتین نے شرکت کی۔
بی جے پی مہیلا مورچہ سے وابستہ کئی لیڈران خاص کر صدر سنجیتا ڈوگرہ نے خواتین کو مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے وضع کی گئی اسکیموں کو دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں تک پہنچانے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اس کے علاوہ انہوں نے بی جے پی دور حکومت کے کارناموں خاص کر خواتین کو بااختیار بنائے جانے کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی تشہیر کرنے پر بھی زور دیا۔