گلمرگ (جموں و کشمیر):’’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘‘ کا چوتھا شمارہ آج سے کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں شروع ہو چکا ہے۔ ان کھیلوں میں ملک کی 20 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام خطوں سے تقریباً 800 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ او حوالہ سے سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، سرمد حفیظ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران دعویٰ کیا کہ اولمپکس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس (چوتھے) شمارے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سیزن اولمپک میں کھیلے جانے والے مقابلوں کا ہی انعقاد کیا گیا ہے۔
برفباری نہ ہونے کی وجہ سے کھیلوں کے انعقاد میں تاخیر اور درپیش چیلنز سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سرمد حفیظ نے کہا: ’’گزشتہ برسوں کے تجربہ کی وجہ سے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد مشکل نہیں، تاہم موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔‘‘ سرمد حفیظ نے مزید کہا کہ ’’برف باری ہوتے ہی انتہائی کم وقت میں سبھی آرگنائزرز نے تیاریاں مکمل کیں، اور کھلاڑی بھی یہاں پہنچ چکے ہیں۔‘‘