بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے ایک گاڑی (سوئفٹ) زیر رجسٹریشن نمبر JK01M-7247 جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی بدنام زمانہ منشیات فروش عاشق الٰہی پرے ولد عبد الرزاق ساکنہ لاوے پورہ، شالہ ٹینگ، سرینگر کی ہے، جو اس نے منشیات کے کاروباری سے حاصل کی گئی آمدن سے خریدی تھی۔
یہ کارروائی NDPS ایکٹ کی 68-F (1) اور دفعہ 68-E کے تحت انجام دی گئی اور اس ضمن میں پہلے ہی پٹن پولیس اسٹیشن میں ایک کیس زیر ایف آئی نمبر 368/2023 u/s 8/21-29 NDPS درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درج ایف آئی آر کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ضبط کی گئی گاڑی منشیات فروشی سے حاصل کی گئی آمدنی یعنی منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔