سرینگر:عیدگاہ اسمبلی حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار اور سابق اسپیکر مبارک گُل نے دعویٰ کیا اس مرتبہ بھی سرینگر میں نیشنل کانفرنس (این سی) کو برتری حاصل ہوگی اور لوگ این سی پر ہی اپنا اعتماد ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ غلط بات پھیلائی جا رہی ہے کہ بائیکاٹ سے این سی کو فائدہ ہوا کرتا تھا، اصل بات یہ ہے کہ لوگ بائیکاٹ کی وجہ سے ووٹ ڈالنے میں ڈر محسوس کر رہے تھے، ایسے میں اب لوگ کھل کر باہر آرہے ہیں۔ جو کہ پارلیمانی انتخابات میں لوگوں کی بھاری شرکت سے صاف ظاہر ہوا۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مبارک گل نے کہ ’’میں عیدگاہ اسمبلی حلقے میں کئی امیدوار میدان میں ہیں اور اس وقت سبھی اپنی جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ لیکن 8 اکتوبر کو ہی اب یہ واضح ہوگا کہ کس کے حق میں جیت اور کس امیدوار کو ہار کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ مبارک گُل نے مزید کہا کہ لوگ آج اپنی مرضی سے گھروں سے باہر آکر ایماندار اور دیانت دار امیدوار کے حق میں بغیر کسی دھونس دباؤ کے ووٹ کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اسی سیاسی جماعت کو کامیاب کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جو گزشتہ برسوں کے مصائب ومشکلات سے لوگوں کو نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔