اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گزشتہ شام سے جاری تیز ہواؤں اور بارشوں کے سبب ویری ناگ علاقے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ بارشوں اور ژالہ باری کے سبب باغات خاص کر سیب کے درختوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 29فروری اور یکم مارچ کی درمیانی شب سے ہی موسمی تبدیلی دیکھنے کو ملی، بالائی علاقوں میں برفباری کے علاوہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔
جنوبی کشمیر میں بارشوں اور برفباری کے ساتھ ساتھ ویری ناگ علاقے میں آندھی طوفان کے سبب املاک کو نقصان پہنچا جبکہ کئی مقامات پر بادل پھٹنے کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس سے لوگوں میں خوف طاری ہو گیا۔ ویری ناگ علاقے میں آندھی کے سبب کئی رہائشی مکانات کی چھت نیچے گر آئی جبکہ بعض رہائشی مکانات پوری طرح تباہ ہو گئے۔ وہیں اس دوان گؤ خانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔