سرینگر (جموں کشمیر) :شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (SKIMS) صورہ کے شعبہ پلاسٹک اینڈ مائکرو واسکولر نے اپنی نوعیت کی پہلی کامیاب سرجری انجام دی ہے جس میں پیر کی ایک انگلی کو ہاتھ میں پیوند کیا گیا ہے۔ اپنی نوعیت کی پہلی مائکرو واسکولر ’’ینڈ ٹو فوٹ ٹرانسلانٹ‘‘ Hand To Foot Transplant کی اس کامیابی سرجری سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے سکمز میں شعبہ پلاسٹک اینڈ مائکرو واسکولر سرجری کے سربراہ ڈاکٹر عادل حفیظ سے خصوصی بات چیت کی۔
ڈاکٹر عادل حفیظ نے کہا کہ اس نوعیت کی یہ سرجری جموں وکشمیر میں پہلی مرتبہ عمل میں لائی گئی ہے اور اس طرح کی سرجری پورے ملک میں چند ہی اسپتالوں میں انجام دی جاتی ہے۔ کیونکہ یہ کافی پیچیدہ آپریشن اور نازک سرجری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک 20 سالہ مریض چند مہینے پہلے سکمز میں داخل کیا گیا جس کی دائیں ہاتھ کی تین انگلیاں مشین سے مکمل طور سے کٹی تھیں۔ مریض کا صرف ہاتھ میں انگوٹھا اور ایک چھوٹی انگلی بچ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی علاج کے بعد متاثرہ اپنے دائیں ہاتھ سے کوئی بھی کام انجام دینے سے قاصر تھا۔ ایسے میں مریض کے متاثرہ ہاتھ کو کام میں لانے اور اس کی معزوری کو ختم کرنے میں یہی ایک چارہ تھا کہ پیر کی ایک انگلی کاٹ کر ہاتھ میں لگائی جائے۔ اور اس نوعیت کی سرجری کے لیے مریض کو ذہنی طور پر تیار کرکے آپریشن کرنے کے لیے آمادہ کرنا کافی کاردارد معاملہ تھا۔