سرینگر (جموں کشمیر):وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں ایک اور مغربی ہوا کے وارد ہونے کے نتیجے میں 3 فروری ہفتہ کے روز میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوئی جبکہ محکمہ نے اتوار4فروری کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران شمالی اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 8 سے 10 انچ تک برف باری ہو سکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 3 سے 6 انچ تک کی برف باری کا امکان ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ 1 سے 2 انچ برف باری متوقع ہے۔ جبکہ اس بیچ صوبہ جموں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں اور خطہ پیر پنچال و وادی چناب کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا امکان ہے۔