سرینگر (جموں کشمیر):جموں کشمیر میں ممکنہ اسمبلی انتخابات ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ الائنس میں لڑنے پر غور و فکر کر رہی ہیں۔ اسی ضمن میں سرینگر میں کانگریس کی پولیٹکل افیرز کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ تقریباً ایک درجن سے زائد سنیئر لیڈران پر مبنی اس کمیٹی کے اراکین نے سرینگر میں منعقدہ میٹنگ میں شرکت کی۔ اس میٹنگ کا دورانیہ تقریباً چھ گھنٹے تک رہا۔
میٹنگ کے بعد پولیٹکل افیرئز کمیٹی کے چیرمین طارق حمید قرہ نے بتایا کہ اس اجلاس میں جموں کشمیر کے موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر طویل گفتگو کی اور آنے والے اسمبلی انتخابات کو لڑنے کے لئے لائحہ عمل پر گفت و شنید ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ الائنس میں اسمبلی انتخابات پر بھی غور خوص کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی جماعتیں کانگریس کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اسمبلی انتخابات کو الائنس میں لڑنے پر اصرار کر رہی ہیں۔