جموں:الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لیے مکمل تیار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعہ کے روز جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جانکاری دیتے ہوئے کہا: ’’اب وقت آگیا ہے کہ اسمبلی انتخابات کرائے جائیں اور عوام کو ان کی حکومت دی جائے۔‘‘ تاہم انہوں نے جموں کشمیرمیں اسمبلی الیکشن کی تاریخ کا کوئی اعلان کیا نہ کوئی عندیہ دیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم جموں کشمیر کے دورے پر ہے اور اس دورے کے دوران کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں - طلب کی گئی - سبھی جماعتوں نے جموں و کشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حد بندی کا عمل مئی 2022 میں مکمل ہوا تھا، جس کے بعد لوک سبھا انتخابات کامیابی سے منعقد کرائے گئے، اور کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کیے جائیں۔ راجیو کمار نے لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کی کثرت سے شرکت اور الیکشن کمیشن کی تیاریوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسمبلی انتخابات میں بھی نئے ریکارڈ بنانے کا وقت آگیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، اور ہم اسی معیار کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور اسمبلی انتخابات کو کامیاب بنائیں گے۔